اسلام آباد،نئی دہلی ( آن لائن )وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے اگر وہ سیکیورٹی خدشات کی جعلی ای میل نیوزی لینڈ کو بھیجے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی ٹیم کو طنزیہ انداز میں سیمی فائنل میں پہنچنے کا نسخہ بتاتے ہو ئے فواد چوہدری نے کہا کہ اگر جعلی ای میل پر نیوزی لینڈ یو اے ای چھوڑ دے تو بھارت سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے ۔دوسری جانب ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی پے درپے فتوحات کے بعد بھارتی کرکٹرز بھی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کئے بغیر رہ سکے ۔ ٹویٹر پر سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے ویڈیو پیغام میں پاکستان ٹیم کی تعریف کی، انہوں نے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی جوڑی کو آگ اور پانی کی جوڑی قرار دیا۔آکاش چوپڑا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی بہترین اور منفرد کارکردگی کی وجہ اوپنرز کا ریڈ ہاٹ فارم میں ہونا ہے۔ آکاش چوپڑا کا کہنا تھا کہ رضوان ایک بلٹ ٹرین ہیں، وہ کرکٹ میں جارحانہ انداز اپناتے ہیں ،بابراعظم کی بات کی جائے تو ان کی کرکٹ کلاس محمد رضوان سے قدرے بہتر ہے تاہم حقیقت یہ بھی ہے کہ بابراعظم کے رنز بنانے کا کریڈٹ محمد رضوان کو بھی جاتا ہے، رضوان اٹیک کرتے ہیں ،وہ بابراعظم کو سنبھل کر رنز بنانے کا موقع دیتے ہیں۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ایک میچ میں جب ہم نے رضوان کو دھیما کرکٹ کھیلتے دیکھا تو وہاں بابراعظم تیز کھیل رہے تھے۔ انہوں کہا کہ ورلڈ کپ میں وہی ٹیمیں کارنامہ انجام دیتی ہیں جن کے اوپنرز اچھا پرفارم کرتے ہیں اور اس ٹیم کے دونوں اوپنرز کی جوڑی غضب کی ہے۔
0 Comments